لاہور۔پاکستان ریلویز کی اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ نئی بزنس ٹرین اپنے آزمائشی سفر کے آغاز پر ہی پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے کے عملہ نے کئی گھنٹوں کی شدید جدوجہد کے بعد ٹرین کو ٹریک پر چڑھایا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز اور پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی پارٹنر شپ کے تحت تین فروری کو لاہور سے کراچی کے لیے بزنس ٹرین اپنے باقاعدہ سفر کا آغاز کرے گی اس موقع پر وزیراعظم پاکستان بزنس ٹرین کا افتتاح کریں گے۔
بزنس ٹرین کو آزمائشی سفر کے لیے لاہور سے ملتان کے لیے روانہ کیا گیا، لاہور سٹیشن سے روانہ ہونے کے چند کلو میٹر کے فاصلہ پر گڑھی شاہو کے قریب گاڑی کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ آزمائشی سفر کے دوران صرف ریلوے کا ٹیکنکل سٹاف اور عملہ کے دیگر افراد سوار تھے۔ جنہوں نے کئی گھنٹوں کی شدید جدوجہد کے بعد گاڑی کو ٹریک پر چڑھا دیا، تاہم گاڑی کے پٹری سے اترنے کے بعد ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ بزنس ٹرین کا باقاعدہ آغازتین فروری کو کیا جائے گا گزشتہ روز وہ اپنے آزمائشی سفر کے لیے صرف لاہور سے ملتان تک کے لیے چلائی گئی تھی جو اپنے آزمائشی سفر کے آغاز پر ڈی ریل ہوگئی۔







































