لندن۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کل بروز جمعہ ستائیس جنوری کو سکھرمیں ہونے والے جلسہ عام میں اہم انکشافات اور اعلانات کئے جائیں گے اوریہ جلسہ عام سندھ دشمنوں ، پاکستان دشمنوں اور نام نہاد قوم پرستوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ایم کیوایم سکھرزونل آفس میں مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ’’خوشحال سندھ، مضبوط پاکستان ،،کے عنوان سے جلسہ عام نہ صرف تاریخ ساز ہوگابلکہ یہ جلسہ عام پاکستان اور سندھ دشمنوں خصوصاً نام نہاد قوم پرستوںکے تابوت میں آخری کیل بھی ثابت ہوگا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کا حق پرستانہ پیغام سندھ کے گوشے گوشے میں پھیل رہا ہے۔
سندھ میں مستقل آباد مختلف قومیتوں کے درمیان بھائی چارے کی فضاء فروغ پارہی ہے اور سندھ کے عوام میں شعوری بیداری تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے نام نہاد قوم پرستوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ یہ مفاد پرست عناصر سندھی بولنے والے سندھیوں کو گمراہ کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ ایم کیوایم بیسویں آئینی ترمیم کی قرارداد پیش کرکے سندھ کی تقسیم کی سازش کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں سندھ کے مستقل باشندوں بالخصوص سندھی بولنے والے سندھیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیوایم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی،الطاف حسین سندھ دھرتی کا وفادار بیٹا ہے۔
سندھی اور اردوبولنے والے سندھیوں اوردیگر زبانیں بولنے والے سندھیوں جن کا جینا مرنا سندھ دھرتی سے وابستہ ہے وہ سب متحد ہیں اورہم سب مل کر سندھ دھرتی کی حفاظت کریں گے۔انشاء اللہ الطاف حسین سندھ دھرتی کے عوام کو کبھی مایوس نہیںکرے گا ۔ الطاف حسین نے کہاکہ نام نہاد قوم پرست سندھ دشمنوں کے اشارے پرسندھ دھرتی کے مستقل باشندوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں لیکن سندھ کے باشعور عوام اپنے اتحاد سے نام نہاد قوم پرستوں کی کسی بھی ساز ش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے سندھی بولنے والے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیا آپ ان جعلی اورمفاد پرست قوم پرستوں کی جھوٹی باتوں میں آئیں گے ؟ جس پر سندھی بولنے والے کارکنان نے یک زبان ہوکر کہا’’ہرگز نہیں ،،۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ،پاکستان میں بسنے والے غیرمسلموں کے حقوق کا احترام کرتی ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق انہیں برابر کا پاکستانی سمجھتی ہے اور پاکستان میں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کا اصل ضامن الطاف حسین اور ایم کیوایم ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل ستائیس جنوری کو سکھرمیں ہونے والے جلسہ عام میں اہم انکشافات اور اعلانات کئے جائیں گے اوریہ جلسہ عام سندھ دشمنوں ، پاکستان دشمنوں اور نام نہاد قوم پرستوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔انہوں نے سکھر اور اس کے ملحقہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل بروز جمعہ ستائیس جنوری کو ریلوے گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپورشرکت کریں اور مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جلسہ عام کو تاریخ ساز بنائیں ۔ الطاف حسین نے سکھرکے جلسہ عام میں دن رات محنت ولگن سے کام کرنے پر ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران ، منتخب نمائندوں ، عہدیداروں اور کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔



































