سنی دعوت اسلامی کے زیراہتمام ممبئی میں شاندارجلوس عیدمیلادالنبی

alt

غیرشرعی امورسے پاک جلوس میں ہزاروں لوگوں کی شرکت ،مسلمانوں سے سیرت نبوی کواپنانے کی تلقین کی گئی
دعوت و تبلیغ کی عالمی تحریک سنی دعوتِ اسلامی اورگلشن احمدرضاکمیٹی کے زیراہتمام بارہویں شریف کے موقع پر۱۶؍فروری بروز بدھ کوباندرہ ایسٹ میں جلوسِ عیدمیلادالنبی نکالاگیا۔باندرہ ایسٹ میں واقع حسینی چوک سے یہ جلوس تقریباً تین بجے شروع ہوا۔جلوس کی قیادت امیرسنی دعوت اسلامی حضرت مولاناحافظ شاکرنوری صاحب کے علاوہ مولاناافتخاراللہ مصباحی،قاری نعمت اللہ صاحب اشرفی (خطیب وامام غریب نواز مسجد)،مولاناعبدالکریم نجمی ،مولاناعبداللہ اعظمی ، مولانااصغررضارضوی،مولاناتوحیداخترصاحب نے کی ۔ حسینی چوک پرنیازکااہتمام تھالوگوں نے نیازکھاکرجلوس میں شرکت کی یہ جلوس مختلف مقامات سے ہوتاہواعصرکے وقت اسٹیشن مسجدباندرہ ویسٹ پہنچا۔ یہاں جلوس میں شریک تمام لوگوں نے عصرکی نمازاداکی اورنمازکے بعدموئے مبارک کی زیارت کرائی گئی ۔ پھرا س کے بعد یہ جلوس یہاں سے روانہ ہوااورباندرہ ویسٹ ہی میں قدیم سلاٹرہاؤس کے پاس پہنچا،یہاں نمازمغرب اداکی گئی ۔یہاں بھی نیازکااہتمام کیاگیاتھالوگوں نے نیازکھائی یہاں قائد ین جلوس کی مقامی لوگوں کی جانب سے گل پوشی کی گئی۔اس کے بعدیہ جلوس ایسٹ میں باندرہ کورٹ پہنچااورعشاکی نمازنورانی مسجدمیں اداکی گئی ۔پھرکھیرواڑی پولیس چوکی ہوتاہواغریب نوازمسجدکھیرواڑی پہنچایہاں امیرسنی دعوت اسلامی مولانا شا کر نوری صاحب کامختصرخطاب ہوا۔نورعلی نورمسجدکے پاس بھی نیازکاانتظام کیاگیاتھا۔جلوس دیررات تقریباً دس بجے حسینی چوک پرختم ہوا۔ قائدینِ جلوس نے وقفے وقفے سے سامعین کوسیرت نبوی کواپنانے کی تلقین کی اورمداحانِ رسول نعتیں پیش کرکے سامعین کے قلوب گرماتے رہے۔جلوس میں خاص طورپرجماعت رضائے مصطفی شاخ ممبئی کے صدرالحاج ابراہیم بھائی جان ، ایازحسین صدرگلشن امام احمد رضاکمیٹی ،الحاج ضمیربھائی صدربہرام نگرمسجد،جناب محمدشریف قادری ،جناب خالدخان صدرنورعلی نورمسجد، سیداحمد، راشد رضوی، محمد رضاوغیرہ کے علاوہ ہزاروں افرادشریک تھے ۔ا س جلوس کی خاص بات یہ تھی کہ یہ مکمل طورپرغیرشرعی کاموں سے محفوظ تھا ۔سنی دعوت اسلامی شاخ ممبراکی جانب سے عیدمیلادکے موقع پر مریضوں کی عیادت کی گئی اور غیرمسلم ڈاکٹروں کوسیرت النبی کے موضوع پرکتاب تحفے میں دی گئی۔



















اہم بیرونی روابط