بارسلونا(پاک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن سپین کے صدر محمد افضال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے استاد کو ہتھکڑی لگانے کی روایت رکھ دی۔جس کی کسی ملک میں مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ جس دور اقتدار میں اساتذہ کو ہھتکڑیاں لگ جائیں اور عوام بھول و افلاس کی تصویر بنی نظر آئے وہاں کے حاکم وقت کا اللہ حافظ ، انہوں نے پاک نیوز کو دیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ نہ گھر عرفان صدیقی کا ہے اور نہ ہی الاٹمنٹ ان کے نام پر ہے اور نہ ہی کرائے کا ایگریمنٹ انہوں نے کیا ہے۔ محمد افضال چوہدری نے حکومت سے استفسار کیا کہ اگر کچھ بھی عرفان صدیقی کے نام پر نہیں تو پھر انہیں گرفتار کیوں کیا گیا؟ مسلم لیگ ن سپین کے صدر نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی کو صرف نواز شریف سے تعلق کی بنا پر سزا دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 75سالہ شخص کو ہتھکڑی لگا کر جیل بھیجا، اس حکومت نے استادوں کو ہتھکڑی لگانے کی روایت رکھ دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج عرفان صدیقی کو نہیں پورے ملک کے ماہرین تعلیم کو ہتھکڑی لگائی گئی۔ چوہدری محمد افضال نے مزید کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا مسلم لیگ ن کی حکومت ایک بار دوبارہ سے آئے گی تو تمام حساب چکتا ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتقامی سیاست کو پسند نہیں کرتی اسی لئے میاں برادران نے اپنے دور حکومت میں عمران خان کو ہر طرح کے دھرنوں اور جلسہ جلوس کی اجازت دے رکھی تھی لیکن عمران خان کے خلاف عوام باہر نکلتے ہیں تو انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔
